Target Killing

نوشہرہ: فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید‘ بھائی زخمی‘ ڈی آئی خان میں پولیس اہلکار جاں بحق

نوشہرہ کینٹ+ ڈی آئی خان (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) نوشہرہ پشاور جی ٹی روڈ پر پشتون گڑھی کے قریب مسلح راہزنوں کی موٹرسائیکل سواروں پر فائرنگ سے پاک آرمی کا ایک جوان شہید دوسرا زخمی ہوگیا۔ تھانہ پبی پولیس کے مطابق دونوں بھائی اور پاک آرمی کے سپاہی تھے پولیس کے مطابق سپاہی زوہیب موقع پر جاںبحق ہوگیا جبکہ اس کا دوسرا بھائی سپاہی عبدالصمد زخمی ہے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ سکیورٹی فورسز نے جاںبحق سپاہی زوہیب کی نعش اور زخمی سپاہی عبدالصمد کو سی ایم ایچ نوشہرہ منتقل کردیا۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا، شہید زوہیب کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گائوں اکبرپورہ ضلع نوشہرہ میں ادا کردی گئی جس کے بعد انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈی آئی خان سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق تحصیل کلاچی ڈی آئی خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔