Labour

کارخانے سے 40 سالہ مزدور کی گلا کٹی نعش برآمد

لاہور(نامہ نگار) مغلپورہ کے علاقہ میں ایک کارخانے سے 40سالہ مزدور کی گلا کٹی نعش برآمد ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مغلپورہ کے علاقہ میں سٹیبلائزر بنانے والے کارخانے میں دیگر مزدور آئے تو انہوں نے دیکھا کہ 40سالہ ندیم اقبال نامی مزدور کی گلا کٹی خون میں لت پت نعش پڑی ہے جبکہ پاس ہی خون آلود چاقو پڑا تھا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی، جبکہ جائے وقوعہ سے خون آلود چاقو اور دیگر شواہد اکٹھے کئے اور نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے اہلخانہ کا کہنا ہے چھٹی کے باوجود فیکٹری مالک نے ندیم کو بجلی کا کام کرانے کے لئے بلایا تھا جس پر ندیم صبح آٹھ بجے فیکٹری گیا بعد میں دیگر مزدور فیکٹری آئے تو انہوں نے ندیم کی خون میں لت پت نعش دیکھی۔ فرانزک ٹیم نے بھی موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں، پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے۔